Friday, December 14, 2012

پاکستان نے شام سے سفارتی عملہ واپس بلا لیا

پاکستان نے شام میں سکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورت حال کے پیش نظر اپنے سفارتی عملے کو واپس بلا لیا ہے.
 
 پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان معظم احمد خان نے جمعرات کو اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں بتایا کہ ''ہم نے دمشق میں متعین پاکستانی سفیر سمیت اپنے عملے کو عارضی طور پر واپس بلا لیا ہے اور تمام عملہ باحفاظت واپس وطن پہنچ چکا ہے''۔

ترجمان نے کہا کہ دمشق میں سفارت خانے کو بند نہیں کیا گیا۔ تاہم شام میں حالات معمول پر آنے کے بعد سفارتی عملے کو واپس بھیج دیا جائے گا۔