Thursday, February 28, 2013

کابل میں افغان فورسسز پر حملے میں متعدد ہلاک اور زخمی ہو گئے

افغانستان کے دارالحکومت میں افغان فوجی اہلکاروں کو لے جانے والی بس پر ہونے والے خُودکش حملے میں متعد افغان فوجی مارے گئے ہیں جبکہ بہت سے زخمی ہوگئے ہیں۔

فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق  یہ حملہ افغان دارالحکومت کی بھاری سکیورٹی والی ایک مرکزی سڑک پر ہوا ہے۔  افغان پولیس کے ترجمان حشمت اللہ نے بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 10 منٹ پر کابل کے تیسرے ڈسٹرکٹ میں ایک پیدل خود کُش بم حملہ آور نے ایک ملٹری بس کے نزدیک خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔

 ایک عینی شاہد نے ٹولو ٹیلی وژن چینل کو بتایا کہ اس خود کُش بم حملہ آور نے برف باری سے بچاؤ کے لیے ہاتھ میں چھتری اٹھا رکھی تھی۔ عینی شاہد کا کہنا تھا کہ میں سڑک کے پار کھڑا تھا جب میں نے ایک شخص کو چھتری اُٹھائے ملٹری بس کی طرف بڑھتے دیکھا۔ وہ پھسلتا ہوا بس کے نیچے چلا گیا، میں نے سمجھا کہ وہ بس ڈرائیور ہے۔ تاہم چند ہی لمحوں میں ایک زور دار دھماکہ سنائی دیا۔ 

 طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اے ایف پی کوبتایا کہ اس حملے کے نتیجے میں افغان فوج کے 17 اہلکار مارے گئے جبکہ  اور 17 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔