Saturday, December 29, 2012

شمالی وزیرستان کے ایک مکان پر امریکی ڈرون حملے میں 4 افراد مارے گئے۔

شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں ایک مکان پر امریکہ کے بغیر پائلٹ جاسوس طیارے کے میزائل حملے میں 4 افراد کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔

جمعہ کوبرطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق  یہ حملہ شمالی وزیرستان کے صدر مقام میرانشاہ سے 40 کلومیٹر دور تحصیل دتہ خیل کے علاقے "مانے گْربز" میں کیا گیا۔ یہ پاکستانی علاقہ افغان سرحد کے بہت قریب واقع ہے۔ امریکہ کے ڈرون طیارے نے ایک مکان پر 3 میزائل فائر کیے جس کے نتیجے میں مکان مکمل طورپر تباہ ہو گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق اس مکان کے اندر موجود 4 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

بی بی سی کے مطابق اس میزائل حملے کے بعد کئی گھنٹوں تک علاقے میں جاسوس طیاروں کی پروازیں جار ی رہی جس کی وجہ سے مقامی لوگ شدید خوف وہراس میں مبتلا رہے ہیں۔

قبائیلی پولیٹیکل حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ مرنے والے چاروں افراد غیر ملکی تھے لیکن ان کی شہریت کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی ۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی دتہ خیل کے علاقے میں کئی ڈرون حملے ہو چکے ہیں جن میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا ہے۔  تحصیل دتہ خیل کی آبادی شمالی وزیرستان کے نو تحصیلوں میں تیسرے نمبر پر ہے اوراس تحصیل کے اکثر علاقے افغان سرحد کے قریب واقع ہیں۔ ان میں بویا، محمد خیل، سیدآباد، مداخیل، خدر خیل، منزرخیل، پائی خیل اور انزرکس کے علاقے شامل ہیں۔ شمالی وزیرستان میں سب سے زیادہ پہاڑی سلسلے اور گھنے جنگلات بھی اسی علاقے میں ہیں۔