امریکا نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں ہونے والے پاکستانی اخراجات کی تلافی کے لئے جاری ادائگیوں کے سلسلے کولیشن سپورٹ فنڈ کی رقم کی تازہ قسط جاری کردی ہے۔
امریکہ کی جانب سے شروع کی گئی اس جنگ میں ہونے والے پاکستان کی جانب سے کیے جانے والے اخراجات کی تلافی کے لئے تقریباً 69 کروڑ ڈالر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو موصول ہوگئے ہیں، جس کی ترجمان اسٹیٹ بینک نے تصدیق کردی ہے۔
پاکستان کے وزیر مملکت برائے خزانہ سلیم مانڈوی والا نے اخبار نویسوں کو بتایا ہے کہ امریکہ کی جانب سے موجودہ قسط میں 68 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی رقم پاکستان کو جاری کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ کولیشن سپورٹ فنڈ کے تحت امریکادہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران کی جانے والی پاکستانی فورسسز کی کاروائیوں پر ہونے اخراجات کی رقم ادا کرتا ہے۔ اس سے پہلے اسی سال اگست میں امریکا نے پاکستان کو انہی اخراجات کی مد مین تقریباً 1 ارب 12 کروڑ ڈالر ادا کئے تھے۔ اس مد میں موصول ہونے والی 60 فی صد رقم براہ راست پاکستانی فوج کو ملتی ہے جبکہ بقیہ رقم سولین زرائع کے حصے میں آتی ہے۔