Monday, December 17, 2012

سوات میں کالج کو ملالہ کے نام سے منسوب کرنے کے خلاف مظاہروں میں شدت آ گئی

 خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں گرلز کالج کو ملالہ یوسفزئی  کے نام سے منسوب کیے جانے کے خلاف احتجاج میں شدت آگئی ہے، احتجاج میں طالبات کے بعد اب طلباء بھی شامل ہو گئے ہیں۔

 سید شریف میں گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ جہانزیب کالج کے طلباء نےکالج کو ملالہ سے منسوب کیے جانے کے خلاف گرلز کالج تک احتجاجی واک کی اور کالج کی عمارت کے سامنے مظاہرہ کیا۔

سیدو شریف کے ایک مقامی صحافی کے مطابق اس مظاہرے میں سینکڑوں طلباء شریک ہوئے۔ احتجاجی طلبا سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے تعلیمی ادارے کو ملالہ کے نام سے منسوب کرنے پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اس حکومتی اقدام کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ادارے کا پرانا نام فوری طور پر بحال کیا جائے۔

یاد رہے کہ خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت نے حال ہی میں گورنمنٹ ڈگری کالج سیدو شریف کا نام تبدیل کر کے ملالہ ڈگری کالج رکھا تھا۔ جس  پر کالج کی طالبات نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کالج کی دیواروں پر چسپاں ملالہ کے پوسٹر پھاڑے اور ان پر کیچڑ مل دی تھی۔ احتجاجی طالبات نے نام کی تبدیلی واپس لینے کے لئے حکومت کو 3 دن کا الٹی میٹم دیا تھا۔

مقامی صحافی کے مطابق طالبات کے الٹی میٹم کی معیاد ختم ہونےسے پہلے ہی کالج انتظامیہ نے کالج کی عمارت کے اندر ملالہ کے نام کی تختی اور پوسٹرز کو تازہ رنگ کر کے چھپا دیا ہے لیکن کالج کے مرکزی دروازے پرتا حال ملالہ کا نام موجود ہے۔