Tuesday, December 11, 2012

مصری جج آئین پر ریفرینڈم کی نگرانی کے لیے آمادہ ہوگئے

مصر میں ججز کے کلب نے15 دسمبر کو نئے آئین پر ہونے والے ریفرینڈم کی نگرانی کے لیے آمادگی ظاہر کر دی ہے۔

انتظامی ججز کلب کے سربراہ حامدی یاسین نے قاہرہ میں ایک نیوز کانفرنس خطاب کرتے ہوئے ریفرینڈم کی نگرانی کا اعلان کیا ہے۔

 انہوں نے اس موقع پر حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پولنگ کمیٹیوں اور سرکاری عمارتوں کے تحفظ کے لئے موثر اقدامات کرے، خاص طور پر ریفرینڈم کی نگرانی کرنے والی اعلیٰ کمیٹی کے ہیڈ کوارٹر کو خصوصی تحفظ دیا جائے۔

یاد رہے کہ مصر کے ججوں نے اس سے پہلے صدر محمد مرسی کے 22 نومبر کو  اختیارات میں اضافے کے لئے جاری کیے جانے والے اعلامیہ بعد ریفرینڈم کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا تھا۔

 ججز کلب کے صدر کے اس اعلان سے قبل ہی مصر کے صدر محمد مرسی نے فوج کو نئے دستور پر ہونے والے ریفرینڈم کے انعقاد تک گڑ بڑ میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کے خصوصی  اختیارات عارضی طور پر سونپ دیے تھے۔ انہوں نے مصری فوج کو ریفرینڈم کے نتائج کے اعلان تک پولیس کے ساتھ تعاون کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔