Wednesday, December 12, 2012

ججوں کی قلت کے پیش نظر ریفرینڈم دو مراحل میں کرانے کا فیصلہ

مصر میں ججوں کی اکثریت کی جانب سےاسلامی آئین کی منظوری کے لئے ہونے والے ریفرینڈم کی نگرانی سے انکار کے بعد صدر محمد مرسی نے ریفرینڈم دو مرحلوں میں کرانے کا اعلان کیا ہے۔

 صدارتی فرمان کے مطابق پہلا مرحلہ 15 دسمبر جبکہ دوسرا مرحلہ 22 دسمبر کو منعقد ہو گا۔ مصری ذرائع ابلاغ نے سپریم الیکشن کمیٹی کے جنرل سیکرٹریٹ کے سربراہ جسٹس محمود ابوشوشہ کے حوالے سے بتایا ریفرینڈم کو دو مراحل میں منعقد کرنے کا فیصلہ ججوں کی کمی کے باعث الیکشن کمیشن کی درخواست پر کیا گیا ہے۔


مؤقر مصری روزنامے 'الیوم السابع' کے مطابق پہلے مرحلے میں قاہرہ، اسکندریہ، دقھلیہ، غربیہ، الشرقیہ، اسیوط، سوھاج، اسوان اور شمالی و جنوبی سینا میں ریفرینڈم کرایا جائے گا جبکہ دوسرے مرحلے میں قنا، بنی یوسف، المنیا، المنوفیہ، البحیرہ، دمیاط، الوادی الجدید، البحر الاحمر، الفیوم، کفر الشیخ، جیزہ، پورٹ سعید، سوئز، مطروح، الاقصر، القلیوبیہ اور الاسماعیلہ میں کرایا جائے گا۔