Tuesday, January 1, 2013

متحدہ عرب امارات کے حکام نے اخوان المسلمون کے 10 ارکان کو گرفتار کر لیا ہے

متحدہ عرب امارات کے سیکیورٹی حکام نے مصر میں برسر اقتدار سیاسی جماعت اخوان المسلمون کے 10 ارکان کو گرفتار کر لیا ہے۔

عرب ٹی وی چینل العربیہ کے مطابق یو اے ای کے سکیورٹی  ذرائع نے ان گرفتاریوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مصری اخوان المسلمون کے ان ارکان اور متحدہ عرب امارات میں سرگرم ایک خفیہ گروپ کے درمیان مضبوط روابط موجود ہیں۔

  مصری اخوان المسلمون نے یو اے ای میں خفیہ تنظیم کے کارکنوں کے لئے کئی لیکچرز اور ورکشاپس کا اہتمام کیا جن میں عرب ملکوں میں حکومت میں تبدیلی کے طریقہ کار پر بات کی گئی تھی۔

العربیہ ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ یو اے ای میں اخوان المسلمون کی قیادت اور کارکنوں کی مسلسل ایک برس سے نگرانی کی جا رہی تھی۔


رپورٹ کے مطابق اس خفیہ تنظیم نے یو اے ای میں مالی وسائل جمع کرنے کی غرض سے مختلف کمپنیاں اور فرنٹ ڈیسک بنا رکھے تھے۔ ان کے ذریعے بھاری رقوم جمع کی گئیں جنہیں بعد ازاں غیر قانونی طریقوں سے مصر میں اخوان المسلمون کی تنظیم کو بھجوایا گیا۔

یو اے ای کے حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ اخوان المسلمون کی دبئی سے گرفتار قیادت اور کارکن ملک کے دفاعی نظام کے بارے معلومات اور اہم راز بھی جمع کرنے میں مصروف تھے۔