Tuesday, January 1, 2013

عراقی وزیراعظم نے جیلوں میں بند خواتین کی رہائی کا حکم دے دیا

عراق کے وزیراعظم نوری المالکی نے سنی اکثریتی صوبوں میں حالیہ مظاہروں کے بعد دہشت گردی کے الزام میں جیلوں میں بند خواتین کی رہائی کا حکم دے دیا ہے۔

عراقی روزنامے کی رپورٹ کی مطابق ''وزیراعظم نوری المالکی نے ایک بیان میں کہا کہ وہ فوجداری الزامات میں گرفتار خواتین کو خصوصی معافی دینے کے لیے تیار ہیں۔ 

 عراق کے مغربی صوبہ الانبار اور دوسرے سنی اکثریتی  صوبوں میں ہزاروں افراد انسداد دہشت گردی کے قانون کے خلاف سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔ وہ شعیہ مسلک سے تعلق رکھنے والے وزیراعظم نوری المالکی سے خواتین سمیت سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کررہے ہیں۔

یاد رہے کہ عراقی حکام نے ملک میں نافذ انسداد دہشت گردی کے قانون کے تحت دہشت گردی کے واقعات میں مبینہ طور پر ملوث افراد کی رشتہ دار خواتین کو گرفتار کررکھا ہے اور ان خواتین کو کسی عدالتی وارنٹ کے بغیر گرفتار کیا گیا ہے۔