Tuesday, January 1, 2013

مقبوضہ کشمیر میں 2012 کے دوران 118 شہری قتل 868 زخمی ہو گئے

بھارتی مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی  فوجیوں کی جانب سے کی جانی والی تشدد کی کاروائیوں میں دسمبر 2012 کے دوران ایک کم عمر بچے سمیت  17بے گناہ کشمیری مارے گئے ہیں۔

ایک پاکستانی خبر رساں ادارے کی جانب سے جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق اس ایک ماہ کے دوران 41 افراد کو تشدد کا نشانہ بنا کر شدید زخمی کیا گیا جبکہ 41 ہی شہریوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ دسمبر کے مہینے میں بھارتی فوجیوں نے 7 رہائشی مکانات کو تباہ کیا اور 2 خواتین کی بے حرمتی کی گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق سال 2012ء کے دوران مجموعی طور پر بھارتی مقبوضہ کشمیر میں 5 خواتین اور7 بچوں سمیت 118 کشمیریوں کو قتل کیا جن میں سے 7 کی موت  دوران حراست تشدد سے ہوئی ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ سال بھارتی قابض فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے گھروں پر چھاپوں ‘ کریک ڈاﺅن ‘ فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ سے868 شہریوں کو زخمی اور40 رہائشی مکانات کو تباہ کیا جبکہ 715 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ اس عرصے میں بھارتی فوجیوں نے حراست کے دوران7کشمیریوں کو لاپتہ کیا اور 23 خواتین کی بے حرمتی کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں جاری انڈیا سے آزادی کی تحریک کے دوران  1989 سے31 دسمبر 2012 تک 93 ہزار
, 831 کشمیریوں کو شہید کیا جن میں سے 6,996 کو جعلی مقابلوں یا حراست کے دوران مارا گیا ہے۔