Thursday, January 10, 2013

مصری صدر محمد مرسی اپنے پہلے دورہ امریکہ کے موقع پر عالم دین عمر عبدالراحمان کی رہائی کا مطالبہ کریں گے

مصر کے صدر محمد مرسی نے اعلان کیا ہے کہ وہ امریکا کے دورے کے موقع پر امریکہ میں قید مصری عالم دین شیخ عمر عبدالرحمان کی رہائی کا مطالبہ کریں گے۔


مصر کے صدر محمد مرسی نے امریکی ٹی وی چینل سی این این کو دیے اپنے انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ متوقع طور پر مارچ کے آخر میں امریکا کے دورے پر جائیں گے جہاں امریکی صدر براک اوباما سے نابینا عالم دین عمر عبدالرحمان کی رہائی کا مطالبہ کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ ان کے دورے کی ابھی حتمی تاریخ کا فیصلہ نہیں کیا گیا لیکن اس بات کا زیادہ امکان ہے کہ یہ دورہ سال کی پہلی سہ ماہی کے آخری ہفتے میں ہوگا۔

انٹرویو میں عمر عبد الرحمان کی رہائی ممکن نہ ہونے کے حوالے سے کیے گئے سوال کے جواب میں مرسی کا کہنا تھا کہ وہ امید رکھتے ہیں کہ یہ ناممکنات میں سے نہیں ہے اور اگر رہائی نہیں دی جاتی تو انسانی پہلووں کی پاسداری کی جائے اور ان کے اہل خانہ کو ملاقات کے موقع ملنے چاہییں۔

یاد رہے کہ بصارت سے محرورم بلند پایہ عالم دین شیخ عمرعبدالرحمان نیویارک میں 1993ء میں ورلڈ ٹریڈ سنٹر پر بم حملوں کے الزام میں نوے کے عشرے سے عمرقید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ وہ مصری سلفیوں کی جماعت ''الجماعۃ الاسلامیہ'' کے روحانی پیشوا خیال کیے جاتے ہیں۔