Monday, January 28, 2013

امریکہ کو پی تھری سی طیارہ فراہم کریگا : شیری رحمن

 امریکہ میں پاکستان کی سفیر شیری رحمن نے اس امید کا ظہار کیا  ہے کہ امریکہ رواں سال پاکستان کو پی تھری سی اورئین طیارہ فراہم کریگا۔

 یہ بات انہوں نے امریکی دورے کے موقع پر آئے ہوئے پاکستان نیوی کے وائس چیف وائس ایڈمرل محمد شفیق سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی ہے۔  ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے بحری حکام کے درمیان جاری تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ حکام پر مشتمل وفود کے تبادلوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

 پاکستانی سفیر شیری رحمن نے کہا کہ اس قسم کے وفود کے تبادلے پاک امریکہ دفاعی تعلقات میں مزید پیشرفت کیلئے انتہائی اہم ہیں۔ شیری رحمن نے مزید کہا کہ پاک نیوی شمالی بحیرہ عرب کی حفاظت اور نگرانی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے جس کا اعتراف امریکہ بھی کر رہا ہے۔

 واشنگٹن میں پاکستان کی سفیر شیری رحمن اور سفارتکاروں پر مشتمل ان کی ٹیم دونوں ملکوں کے درمیان تعاون پر مبنی تعلقات معمول پر لانے کیلئے دفتر خارجہ ، پینٹا گون اور نیشنل سیکورٹی حکام کے ساتھ مسلسل کام کر رہی ہیں۔ 

یاد رہے کہ ملعدم تحریک طالبان پاکستان نے مہران ایئر بیس پر حملہ کرکے قبائلی علاقوں میں فوجی آپریشن کے دوران جاسوسی کے لئے استعمال ہونے والے پی تھری سی اورین طیارے تباہ کردیئے تھے۔