Sunday, February 3, 2013

مالی میں 3 ہفتوں بعد یہ سمجھنا کہ جنگ ختم ہوگئی ہے غلطی ہے

فرانسیسی صدر کا کہنا ہے کہ مالی میں اسلامی پسندوں کے خلاف کارروائی شروع ہونے کے 3 ہفتے بعد یہ سوچنا غلط ہے کہ مالی میں لڑائی ختم ہو چکی ہے۔

فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند نے ان خیالات کا اظہار فرانس کے وزیر دفاع، وزیر خارجہ اور وزیر ترقیات کے ساتھ مالی پہنچے پر کیا۔جہاں مالی کے عبوری صدر ڈیونگ کونڈا ترارے نے ان کا ہوائی اڈے پر استقبال کیا۔ 

 فرانسیسی صدر نےاس موقع پر اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ملک کی فوج ملک کے شمال میں اسلامی شرعیت نافذ کرنے والوں کے خلاف جاری کارروائی میں مشن کی کامیابی تک شامل رہیں گی۔ 

اولاند  نے فرانسیسی افواج سے ٹمبکٹو کے ہوائی اڈے پر خطاب کرتے ہوئے انہیں خبردار کیا کہ مالی اسلام پسندوں کو ختم کرنے کا یہ مشن اب بھی خطرناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’یہ تنازعہ ابھی ختم نہیں ہوا اور اس کو ختم سمجھنا ایک غلطی ہو گا کیونکہ ہم نے اپنے مالی کے دوستوں کے ساتھ مل کر ٹمبکٹو اور گاؤ جیسے شہروں میں امن تو قائم کر دیا ہے لیکن اس کو برقرار رکھنے کے لئے یہاں کئی سال تک رکنا پڑے گا۔

مبصرین کا خیال ہے کہ اسلام پسندوں نے مالی کے شہروں کو حکمت عملی کے تحت خالی کیا ہے جس کے باعث جارح افواج آسانی سے ان پر قابض ہو گئی ہیں۔ تاہم صحرا کے اندر انہیں اسلام پسندون کی جانب سے سخت رد عمل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔