Friday, August 16, 2013

شام: میں گھمسان کی جنگ, باغیوں کی پیش قدمی جاری

شام کے مختلف شہروں میں بشارالاسد کی فوج اور باغیوں کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے۔ دارالحکومت دمشق، حمص، ادلب اور حلب میں فریقین کے درمیان گھمسان کی جنگ میں باغیوں کی پیش قدمی جاری ہے۔

عرب ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شام کے شمال مغربی ساحلی شہر ’اللاذقیہ‘ میں ’جبل ترکمان‘ اور ’جبل اکراد‘ پر ہاون راکٹوں کے تابڑ توڑ حملوں کے  باعث سرکاری فوج پسپائی پر مجبور ہو گئی ہے۔

دالحکومت دمشق کی ’القابون‘ کالونی میں سرکاری فوج کے ایک چھاپہ مار دستے کی کمین گاہ پر گولہ باری کی گئی ہے جس کے نتیجے میں کئی فوجی گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔

اطلاعات کے مطابق دمشق کے مضافات اور حلب پر سرکاری فوج نے جنگی طیاروں اور توپخانے سے حملے کیے ہیں۔ دمشق میں سیدہ زینب کالونی پر سرکاری فوج اور حزب اللہ کے ’ابو الفضل العباس بریگیڈ‘ کے جنگجوؤں نے حملے کیے ہیں۔ دیر الزور کے سرحدی علاقے "الحویقہ" پر باغیوں کے قبضے کے بعد سرکاری فوج نے ایک مرتبہ پھر بڑا حملہ کیا ہے، تاہم شہر پر باغیوں کا کنٹرول اب بھی مضبوط ہے۔

اطلاعات کے مطابق دمشق، ادلب اور جبل الزاویہ کے مضافات میں صدر بشارالاسد کی فوج نے زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل اور فاسفورس بم استعمال کیے ہیں جس کے نتیجے میں متعدد عام شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔