شام میں باغیوں نے دس ماہ کی طویل لڑائی کے بعد سٹیٹجک اہمیت کے حامل حلب شہر کے مرکزی فوجی ہوائی اڈے پر"منگ" پر قبضہ کر لیا ہے۔
خود کش حملے کے فوری بعد کا منظر |
عرب زرائع ابلاغ کے مطابق انصار و مہاجرین بریگیڈ سے تعلق رکھنے والے ایک خود کش بمبار نے بارود سے بھرا ٹرک ہوائی اڈے کے مرکزی کنٹرول روم کی عمارت سے ٹکرا کر اسے تباہ کر دیا۔ اس خود کش حملے کےنتیجے میں ہوائی اڈے کے کئی دوسرے مرکزی دفاتر بھی تباہ ہو گئے۔ خودکش حملے میں بشارالاسد کے کئی وفادار سپاہی اور افسر ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہو گئے۔
خیال رہے کہ حلب میں"منگ" فوجی اڈے پر کنٹرول کے لیے باغیوں اور سرکاری فوج کے درمیان گذشتہ دس ماہ سے گھمسان کی لڑائی ہوتی رہی ہے۔ طویل لڑائی کے بعد گزشتہ روز باغی ہوائی اڈے میں داخل ہونے میں کامیاب ہوئے تھے۔ باغیوں کا کہنا ہے کہ اس وقت تک انہوں نے "منگ" فوجی اڈے کے بیشتر حصوں کا کنٹرول سنھبال لیا ہے۔ تاہم کچھ مقامات پر مورچہ بند سرکاری فوجیوں اور باغیوں کے درمیان اب بھی فائرنگ کا تبادلہ ہو رہا ہے تاہم جلد ہی باغی فوجی اڈے کا مکمل کنٹرول سنھبال لیں گے۔
حلب میں منگ فوجی ہوائی اڈہ دفاعی اعتبار سے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ حلب میں باغیوں کو پسپا کرنے میں اب تک اس فوجی اڈے سے اڑنے والے جہاز اور جنگی ہیلی کاپٹراہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ ہوائی جہازوں کے علاوہ بیک وقت 35 جنگی ہیلی کاپٹر اس اڈے سے اڑان بھرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ منگ ملٹری ایئرپورٹ پر باغیوں کا قبضہ شہر کو فتح کرنے کی طرف اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔ اس فوجی اڈے پر قبضے کے بعد کئی محاذوں پر پسپا ہونے والے باغیوں کے حوصلے بھی بلند ہوئے ہیں۔