Sunday, July 9, 2017

بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پر بلا اشتعال گولہ باری سے آزاد کشمیر کے پانچ شہری شہید اور متعدد زخمی ہو گئے

بھارتی فوج نے برھان وانی کی برسی کے موقع پر  کنٹرول لائن (حد متارکہ جنگ) کے قریب آ زاد جموں وکشمیر کے مختلف
Image result for loc firingعلاقوں پر ہفتے کے روز گولہ باری کی ہے جس کے نتیجے میں پانچ شہری شہید اور دس زخمی ہوگئے ہیں۔ 
پاکستانی حکام کے مطابق کنٹرول لائن کے پار سے آزاد کشمیر کی حدود میں گولہ باری سے شہید ہونے والوں میں چار خواتین شامل ہیں۔گذشتہ کئی ماہ سے حد متارکہ جنگ پر جاری تشدد کے واقعات میں ایک دن میں شہریوں کا یہ سب سے زیادہ جانی نقصان ہے۔
ضلع پونچھ کے ڈپٹی کمشنر راجا طاہر ممتاز کے مطابق ’’ بھارتی فوجی عباس پور اور ہجیرہ سیکٹروں کے مختلف حصوں میں ہفتے کی صبح ساڑھے پانچ بجے سے شدید گولہ باری کررہے ہیں۔جس کے نتیجے میں ہجیرہ  تیتری نوٹ کراسنگ پوائنٹ کے نزدیک واقع ایک گاؤں بھیرہ میں ایک 75 سالہ شخص محمد شریف کا گارے سے بنا ہوا مکان مارٹر گولہ گرنے سے مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے اور مالک مکان بھی جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ان کے علاوہ ایک ستر سالہ خاتون سسی بیگم کی بھی تیتری نوٹ میں شہادت ہوئی ہے۔
عباس پور سیکٹر میں واقع ایک گاؤں پر گولہ باری سے ایک ہی خاندان کی ایک عورت شہید اور دو زخمی ہوگئی ہیں۔ اسی سیکٹر میں واقع ایک اور گاؤں ڈھکی چفار میں گولہ باری سے ایک 35سالہ خاتون شہید اور اس کا بیٹا زخمی ہوگیا ہے۔یہ دونوں سیکٹر ضلع پونچھ میں واقع ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ بھارتی فوجیوں کی شدید گولہ باری کے پیش نظر ہلاکتوں کی تعداد زیادہ سکتی ہے۔
کنٹرول لائن کے پار سے بھارتی فوجیوں نے ضلع کوٹلی میں واقع نکیال سیکٹر میں بھی مختلف علاقوں پر گولہ باری کی ہے جس کے نتیجے میں ایک خاتون شہید اور تین افراد زخمی ہوگئے ہیں۔واضح رہے کہ اس سال کے دوران میں پاکستان کے زیر انتظام آزاد جموں وکشمیر میں اب تک بھارتی فوج کی گولہ باری سے سترہ افراد شہید ہوچکے ہیں اور ایک سو پانچ زخمی ہوئے ہیں۔